لاہور(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تو امن چاہتے ہیں انتشار تو کوئی اور چاہ رہا ہے۔ ٹویٹر سپیس پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہماری حمایت کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس وقت پاکستان میں جو ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ کہا جارہا ہے کور کمانڈر ہاؤس اور دیگر مقامات پر ہماری جماعت نے آگ لگائی۔ ہم تو چاہتے ہیں امن ہو اور الیکشن ہو، انتشار تو کوئی اور چاہ رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ یہ پہلے بھی ہوچکا ہے کہ واقعات کا فائدہ اٹھا کر مخالف کو ختم کردو۔ یہ جان کر فضا بنا رہے ہیں کہ دوبارہ گرفتار کریں تو لوگ خوفزدہ ہو کر کھڑے نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ کور کمانڈر ہاؤس جل گیا اس پر بھی انکوائری نہیں ہوئی۔ کور کمانڈر ہاؤس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں گے دیکھیں تو کس نے جلایا۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ خطرہ مجھے ہے، ان کے راستے میں تو میں کھڑا ہوں۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ شریف مافیا نے عدلیہ کو تقسیم کرنے کی پوری کوشش کی۔ اب پھر ان کی کوشش ہے کہ عدلیہ کو تقسیم کریں، ہمیں پاکستان کا سپریم کورٹ بچائے گا۔















