اسلام آباد( نیوز ڈیسک )سپریم کورٹ نے پولٹری ایسوسی ایشن کو پولٹری سیکٹر میں کارٹیلائزیشن پر پندرہ دن کے اندر اندر ڈھائی کروڑ روپے جرمانے کی رقم ادا کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔سپریم کورٹ نے پہلی دفعہ کسی کارٹیلائزیشن کیس کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) کے خلاف مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو برقرار رکھا۔مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے کمپٹیشن اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف دائر سول اپیل کا فیصلہ کیا، جس نے مسابقتی کمیشن کے حکم 29 فروری 2016کو برقرار رکھا جو کمپٹیشن ایکٹ، 2010 کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرائس فِکسنگ کے حوالے سے تھا۔سپریم کورٹ نے صرف اس حد تک پی پی اے کی اپیل منظور کی اور سی سی پی کی طرف سے اپنے آڈر میں لگائے گئے جرمانے کو 100 ملین روپے سے کم کر کے 25 ملین روپے کر دیاہے۔سی سی پی نے پی پی اے کو کچھ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں پر ڈِسکشن اور قومی پریس میں اشتہارات کی منظوری میں ملوث پایا، جو کمپٹیشن ایکٹ کے تحت ممنوع تھی، جس پر اسے جرمانہ کیا گیا تھا۔















