اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آئی پی پیز کی گیس بند کر کے صارفین کو دی جائے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمملکت مصدق ملک نے کہا کہ جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، معاشی ترقی کیلئے توانائی ضروری ہے،ان کاکہناتھا کہ پاکستان میں ریفائنری لگانے کےلیے آج فیصلہ کرلیا گیا، بجلی بنانے والے کارخانوں سے گیس واپس لے لی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ 50 ملین کیوبک فٹ گیس غریب گھرانوں کو فراہم کی جائے گی، گیس استعمال کرکے مہنگی بجلی بیچنے والوں سے گیس لے لی گئی ہے اور کچھ لوگوں کی اجارہ داری ختم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے روس سے تیل درآمد کا صرف ڈھنڈورا پیٹا، روس سے تیل کے حصول کو موجودہ حکومت نے ممکن بنایا، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے 10 سے 14 ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا،ان کا کہناتھا کہ امیروں سے سستی گیس واپس لے کر عوام کو فراہم کی جائےگی۔وزیرمملکت نے مزید کہا کہ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کیلئے پالیسی بنائی گئی، فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہوگی، آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کردیا گیا،ان کاکہناتھاکہ ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمے داری سے استعمال میں لانا ہوگا۔















