اہم خبریں

وفاقی چیمبر کے ریجنل وفدکی وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود سے ملاقات

لاہور(اے بی این نیوز     )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے وفد نے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی کی سربراہی میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود سے ملاقات کی اورپیکجنگ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔وفد میں سابق سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، نائب صدر لاہور چیمبر عدنان خالد بٹ،آل پاکستان کورگیٹڈکارٹن مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن(اے پی سی سی ایم اے) کے چیئرمین ذکی اعجاز قریشی اورمحمد شاہد بیگ بھی شامل تھے۔اس موقع پر محمد ندیم قریشی نے کہاکہ پیکجنگ پاکستان کاپانچواں سب سے بڑا سیکٹرہے، برآمد پر مبنی اور مقامی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے,حکومت پیکجنگ کے شعبے کو ایکسپورٹ پرمبنی صنعت کادرجہ دے، صنعت کے درجے کے بعد حکومت کو پیکجنگ سیکٹر سے سیلز اور انکم ٹیکس کی مد میں زیادہ انکم حاصل ہو گی۔محمد ندیم قریشی نے مزید کہاکہ 2022کے ڈیٹا کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں پیکجنگ کا بالواسطہ شیئر 10فیصدبنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دنیا کو پاکستان کی کل برآمدات 31.8بلین امریکی ڈالر رہیں جس میں پیکجنگ سیکٹر کا بالواسطہ شیئر تقریباً 3.18بلین ڈالر ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پیکجنگ سیکٹر کے خام مال کو امپورٹ کی بنیادی لسٹ میں شامل کیا جائے۔لاہور چیمبر کے نائب صدر عدنان خالد بٹ اوراے پی سی سی ایم اے کے چیئرمین ذکی اعجاز قریشی نے بھی سید مرتضی محمود کو پیکجنگ انڈسٹری کے حوالے سے بریفنگ دی۔سید مرتضی محمود نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ قومی معیشت میں اہمیت کے حامل پیکجنگ سیکٹر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس سیکٹر سے وابستہ صنعتکاروں اور کاروباری طبقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیکجنگ سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کے لئے باہمی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل مل کر طے کریں گے،پیکجنگ سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دیا جائے گا اور خام مال کی ایل سیز نہ کھولنے کا مسئلہ بھی حل کر دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں