کراچی (نیوزڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے کنوینئر خالدمقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اب ہر ظلم کے خلاف مزاحمت کرے گی۔کراچی کے باغ جناح میں ایم کیو ایم پاکستان کے39 ویں یوم یاسیس جلسے سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں صرف دوقومیں ہیں، ایک ظالم اور دوسری مظلوم، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پاکستان کے مظلوموں محکموں کو ایک نظریے اور جدوجہد کے سائے تلے جمع کریں۔انھوں نے کہا کہ طاقت ہماری تہذیب نہیں تہذیب ہماری طاقت ہے، اپنی قوم کو غلامی سے بچانے کے لئے ایک نئی اور تازہ جدوجہد کا آغاز کرنا ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان کے غریبوں کو آئینی تحفظ فراہم کرنا ہے، ایسی جمہوریت جسکے ثمرات عام پاکستانی کی دہلیز پر پہنچیں اسکی جدوجہد کرنا ہے۔خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اب احتجاج نہیں مزاحمت کرے گی، تمام قومیں مل کر چلیں تو پاکستان ترقی کرے گا، ایم کیو ایم پاکستان غریبوں کی ہر تحریک کا ساتھ دے گی، 35 سال کی تحریک ہمارا بیانیہ ہے۔















