اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی پر سماعت شروع ہوئی ، شبلی فراز حاضری کے دستاویزات سمیت غائب ہوگئے، حاضری لینے والے افسر ایس پی سمیع اللہ دوبارہ عدالت پہنچ گئے۔ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں آئیڈیا نہیں شبلی فراز کہاں ہیں، دستاویزات ان کے پاس تھے۔بابر اعوان نے ایس پی سمیع سے مکالمے میں کہا کہ آپ خیریت سے ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میری ٹانگ شدید زخمی ہے، شاید فریکچر ہوگیا ہے۔جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ باقی باتیں چھوڑیں مجھے بتائیں میری آرڈر شیٹ کہاں ہے؟جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل گوہر خان نے کہا کہ جب شیلنگ ہوئی تو مجھ سے فائل لے لی گئی تھی۔عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ یہ بہت شرمناک ہے۔اس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل اورخواجہ حارث میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایس پی کو بات کرنے دیں۔ جس پر خواجہ حارث نے جواب دیا کہ آپ مجھے براہ راست مخاطب نہ کریں۔پولیس افسر سمیع اللہ نے کہا کہ دس منٹ دیں میں فائل ڈھونڈ کر لاتا ہوں۔اس دوران وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ویڈیو کلپ موجود ہے، ایس پی نے مجھ سے دستخط شدہ فائل لی۔جج نے ایس پی سمیع اللہ کو عمران خان کی حاضری فائل ڈھونڈنے کا حکم دیدیا۔وکیل عمران خان نے دعویٰ کیا کہ فائل پولیس کے پاس ہے۔جس پر جسٹس ظفر اقبال نے کہا کہ جس نے بھی فائل گم کی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جوڈیشل آرڈر جاری کروں گا۔پولیس افسر نے کہا کہ شیلنگ کے دوران فائل کہیں کھو گئی ہے۔















