لاہور (نیوزڈیسک) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ میری گرفتاری عدالت میں پیش ہونے کیلئے نہیں مجھے مارنے کیلئے ہے، کہہ دیا ہے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔جمعرات کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینئر اینکرز سے ملاقات کی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ انتخاب کسی صورت 90دن سے آگے نہیں جانے دیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات 90 روز سے آگے گئے تو پھر آئینی تحریک چلائیں گے، کسی صورت آئین کی خلاف ورزی کرکے انتخابات آگےجانے نہیں دیں گے۔گرفتاری سے متعلق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میری گرفتاری عدالت میں پیش ہونے کیلئے نہیں مجھے مارنے کیلئے ہے،عدالت میں پیش ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن یہ مجھے اس جگہ بلا رہے ہیں جس کے بارے میں مجھےسیکورٹی خدشات ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی اور عملدرآمد پر یقین رکھتا ہوں، 18مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا، کہہ دیا تھا عدالت میں پیش ہوں گا تو معلوم نہیں ڈرامہ کیوں رچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ قانون کی حکمرانی اورعمل درآمد پر یقین رکھتا ہوں،میرے کارکن غصے میں ہیں،کارکن کہتے ہیں آپ کیوں بار بار قانون پر عمل درآمد کی رٹ لگائے ہوئے ہیں لیکن میں پھر بھی قانون پر عمل درآمد کا پابند رہونگا۔















