اہم خبریں

ملک اور صوبے کی معیشت اور ترقی کا انحصار انڈسٹری پر ہے ،ساجد حسین طوری

پشاور( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر برائے اوورسیز اینڈ ہیومن ریسورس ساجد حسین طوری نے کہا کہ ملک کی معیشت میں انڈسٹری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کا کردار ہے ، کارخانہ داروں کو درپیش مسائل کے حل اور دیگرخدشات دور کرنے کیلئے صوبائی و وفاقی حکومتیں ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن آف پشاور مینجمنٹ کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی نگران وزیر برائے خوراک اور آبپاشی فضل الٰہی، سابقہ گورنر خیبر پختونخوا شوکت اللہ، صدر انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور سمیت دیگر ممبران ایسوسی ایشن نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کو صدر ایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا میں ای او بی آئی، ریگی للمہ فلیٹس، نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن کے حوالے درپیش قانونی مسائل اور دیگر خدشات سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ ساجد طوری نے خیبرپختونخوا انڈسٹری کو بجلی، خام مال اور دیگر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ملک اور صوبے کی معیشت اور ترقی کا انحصار انڈسٹری پر ہے ،اسکے علاوہ جب انڈسٹری کامیابی سے چلے گی تو بے روزگاری اور بد امنی سے نمٹا جا سکتا ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا ملک میں سرمایہ کاری تب ہوتی ہے جب سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول میسر ہو ، اسلئے صوبائی و وفاقی حکومت مشترکہ طور پر سازگار ماحول کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں گی۔

متعلقہ خبریں