اہم خبریں

سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کسی بھی صورت نہیں ہونی چاہیے، امیر مقام

پشاور( اے بی این نیوز    )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تیار کیا جائے جس میں سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کسی بھی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت واپڈا ہاؤس پشاور میں اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوا جہاں انہیں موجودہ سی ای او پیسکو سردار عارف خان سدوزئی نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں سی ای او ٹیسکو قاضی طاہر، تمام چیف انجنیئرز، پی ڈیز، ایس ایز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کہ انڈسٹریز، کرش سٹیشنز، بڑی مارکیٹوں، شادی ہالز اور بنگلوں سے ریکوری تیز کر دی جائے اور کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔ مشیر نے مختلف ٹرانسمشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز مکمل کرنے کے اہداف بھی دیے۔ انہوں نے صوابی میں زیر تعمیر دو گرڈ سٹیشنز، باجوڑ، بونیر، چکدرہ بائی پاس، اپر دیر، صابر آباد اور کرک میں منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں اور افتتاح کے لیے تاریخی بھی دیں۔اجلاس میں شانگلہ میں نئے ڈویژن دس دن میں کھلنے، تھاکوٹ کو سٹاف کی فراہمی سمیت کئی مسائل کو زیر بحث لایا گیا۔ مشیر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بشام کوٹکی ٹرانسمشن لائن ، جس کی منظوری کے لیے میں نے بہت محنت کی ابھی تک نامکمل ہے لہٰذا اسے جلد از جلد مکمل کرنا ہوگا۔انجینئر امیر مقام نے موجودہ سی ای او پیسکو سردار عارف خان سدوزئی کی حالیہ تعیناتی کے بعد سے پیسکو میں حالات کی بہتری کے لیے ان کی لگن کو سراہا۔ وفاقی وزارت کی طرف سے فروری کے مہینے کے لیے صوبائی لائن لاسز کا ہدف، موجودہ سی ای او کے دور میں حاصل کیا گیا۔ مشیر وزیراعظم نے بلنگ سسٹم کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ عوام غلط اوور بلنگ کیسز میں بھاری بل ادا کرنے پر مجبور نہ ہوں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ریئل ٹائم ریڈنگ کو یقینی بنائیں اور ایمرجنسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ڈیلی ویجز پر لائن سٹاف بھرتی کرنے کی ہدایات جاری کی تاکہ سسٹم چل سکے۔ انجینئر امیر مقام نے سیاحت کے حوالے سے کالام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس علاقے کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ مشیر نے مزید کہا کہ وسائل کے ناجائز استعمال کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

متعلقہ خبریں