کوہستان(اے بی این نیوز)وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی موجودہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پہلی موبائل رجسٹریشن وین (ایم آر وی ) کا افتتاح کیا جو پورے کوہستان میں خدمات فراہم کرے گی۔ ایم آر وی دو کائونٹرز پر مشتمل ہے جو اسّی اور سو کے درمیان کیسوں کی پروسیسنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک سینئر افسر اور سکیورٹی اہلکار ایم آر وی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ مشیر نے کہا کہ دور دراز علاقوں کےعوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جدت اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور بزرگوں کے لیے وقف سروس مراکز کے قیام پر پیش رفت کو تیز کیا جانا چاہیے۔ مشیر نے کئی نئے سروس سنٹرز کھولنے کی منظوری بھی دی۔انجینئر امیر مقام نے نادرا ہیڈ کوارٹر حیات آباد میں موجود عوام سے بات چیت کی اور ان کے مسائل پر پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا۔ مشیر نے ہیڈ کوارٹر کے تمام سیکشنز کا دورہ کیا جن میں سروسز سیکشن، ہتھیاروں کا لائسنس برانچ، خواتین کے لیے مخصوص سہولت ڈیسک اور دیگر شامل ہیں۔ اس کے بعد انہیں نادرا ہیڈکوارٹر پشاور کے ڈی جی نوید جان اور دیگر اعلیٰ حکام نے مختلف جاری منصوبوں اور عوام کو سہولیات فراہمی سے وابستہ مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔















