اہم خبریں

بجلی کے بلوں میں اضافے کا امکان، نیپرا میں اہم درخواست جمع

بجلی کے بلوں میں اضافے کا امکان، نیپرا میں اہم درخواست جمع

اسلام آباد(رضوان عباسی )وفاقی حکومت نے بجلی صارفین سے آئندہ تین ماہ کے لیے 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ یکساں فیول ایڈجسٹمنٹ وصول کرنے کی اجازت طلب کر لی ہے۔ اس سلسلے میں پاور ڈویژن نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔

نیپرا نے درخواست پر سماعت کے لیے 2 دسمبر 2026 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ مجوزہ 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ کا یکساں ریٹ فارورڈ لکنگ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کیا جائے گا، جس کی منظوری کی صورت میں اطلاق دسمبر 2026 کے بجلی کے بلوں سے ہوگا۔

درخواست کے مطابق مجوزہ فیول ایڈجسٹمنٹ ستمبر 2026 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔ پاور ڈویژن نے اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اکتوبر کے لیے ریفرنس ریٹ کے مقابلے میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی تھی۔

دستیاب تخمینوں کے مطابق نومبر 2026 کے لیے اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ 92 پیسے فی یونٹ جبکہ دسمبر کے لیے 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مجوزہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا تعین دستیاب ایندھن کی قیمتوں اور ایل این جی کی متوقع سپلائی کے تخمینوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گیس کی اضافی الاٹمنٹ اور بجلی کی پیداوار کے لیے تھرمل ایندھن پر انحصار کو بھی حساب میں شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:آصف زرداری اچانک محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچ گئے، اہم ملاقات

متعلقہ خبریں