اہم خبریں

اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں، بلاول بھٹو کا اہم پیغام

اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں، بلاول بھٹو کا اہم پیغام

رحیم یار خان ( اے بی این نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دی جائے تو ملک کے لیے بہت کچھ کیا جا سکتا ہے، سیاسی کشمکش اور انتقامی سیاست سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔

رحیم یار خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے کچھ غلطیاں کیں اور پھر ان سے سیکھا، اگر حکومتیں اپنی مدت پوری کریں اور ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائی جائیں تو عوام کے لیے بہتر کام کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں، کوشش رہی ہے کہ غریب عوام کو عالمی معیار کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ مفت علاج پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مفت علاج کی سہولت پہنچائی جائے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کو حکومت ملتی تھی تو ایک سال بھی مکمل نہیں ہوتا تھا کہ حکومت ختم ہوجاتی اور منصوبے رک جاتے تھے۔ میاں صاحب کو حکومت ملتی تھی تو وقت سے پہلے حکومت ختم ہونے کے ساتھ ان کے منصوبے بھی رک جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبہ اس لیے آگے بڑھ رہا ہے کیونکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلی کی روایت قائم رکھی ہے تو میں بھی اس روایت کو قائم رکھتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر سیاسی کھینچا تانی میں لگے رہے تو منصوبے وہیں رک جائیں گے اور عوام کا نقصان ہوگا۔ انتقامی سیاست کی گئی تو یہ عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کیا جائے تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔ ملک کو بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ خطے کی صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر بیماری کا پتا ہو، علاج موجود ہو لیکن وسائل نہ ہونے کے باعث مریض علاج نہ کراسکے تو یہ صورتحال سزائے موت بن جاتی ہے۔ ہماری دعا اور کوشش ہے کہ ملک کے ہر کونے میں مفت علاج کی سہولتیں پہنچائی جائیں۔
مزید پڑھیں‌:سونے کی قیمت کو پر لگ گئے،آج پھر مہنا ہوگیا

متعلقہ خبریں