اہم خبریں

پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، اہم انکشافات

پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، اہم انکشافات

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل، پارٹی رہنماؤں کے بیانات اور قومی حکومت کے قیام سے متعلق ارکان نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا چار گھنٹے طویل اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر علی ظفر سمیت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مذاکرات یا روابط کے لیے کمیٹی بنائے جانے پر بعض ارکان نے اعتراض اٹھایا۔ ارکان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کی موجودگی میں کمیٹی تشکیل دی جائے یا مشاورت کی جائے تو بہتر ہوگا، کسی کی ذاتی خواہش پر کمیٹی نہیں بنائی جا سکتی۔

اجلاس میں میڈیا پر آکر پارٹی کے خلاف بیانات دینے والے سینیٹرز اور ارکان اسمبلی کے طرز عمل پر بھی اعتراض کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی حکومت کے قیام سے متعلق بھی ارکان نے مختلف آراء پیش کیں۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ قومی حکومت کا بیانیہ مختلف اوقات میں سیاسی رہنماؤں جبکہ بعض مواقع پر اسٹیبلشمنٹ کے قریبی رہنماؤں کی جانب سے بھی سامنے آتا رہا ہے، اس لیے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہے۔

چند ارکان نے یہ بھی کہا کہ اگر قومی حکومت میں بانی پی ٹی آئی کو وزیراعظم بنا دیا جائے تو انہیں یہ تجویز قبول ہوگی۔ اس موقع پر ارکان کی جانب سے دی گئی رائے پر اجلاس میں قہقہے بھی لگے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبوں کے قیام سے متعلق بھی مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مزید پڑھیں‌:آٹے کی نئی سرکاری قیمتوں کااعلان ،نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں