اہم خبریں

پاکستانی ایئرپورٹس پر کرپشن اور اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک بے نقاب، کسٹمز کے 20 افسران و اہلکار سزا یافتہ

اسلام آباد(رضوان عباسی)پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر تعینات پاکستان کسٹمز کے افسران اور اہلکاروں کی مبینہ کرپشن، غیر قانونی وصولیوں اور اسمگلنگ میں سہولت کاری کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 20 افسران و ملازمین کو مختلف سزائیں دے دیں، جبکہ مزید 22 افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائریاں جاری ہیں۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر تعینات کسٹمز افسران اور ملازمین کے خلاف مجموعی طور پر 45 انکوائریز شروع کی گئیں۔ ان تحقیقات کے نتیجے میں 6 افسران و ملازمین کو بڑی سزائیں (میجر پینلٹی) جبکہ 14 کو معمولی سزائیں (مائنر پینلٹی) دی گئیں، جبکہ تین افسران کو الزامات سے بری کردیا گیا۔

دستاویزات میں کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر تعینات کسٹمز انسپکٹرز کی غیر قانونی وصولیوں اور اسمگلنگ میں سہولت کاری کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جن پر متعلقہ اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔

فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایک کسٹمز انسپکٹر کو قیمتی الیکٹرانک اشیاء کی اسمگلنگ میں سہولت کاری پر جبری ریٹائرمنٹ کی سزا سنائی گئی، جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 6 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کے 229 موبائل فونز کی اسمگلنگ کے معاملے میں ملوث انسپکٹر کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افسر کو ایک درجہ تنزلی کی سزا دی گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر سگریٹ کلیئرنس کے عوض رقم طلب کرنے پر ایک انسپکٹر کی سالانہ انکریمنٹ روک دی گئی، جبکہ ضبط کیے گئے سات اصل موبائل فونز کو جعلی فونز سے تبدیل کرنے کے معاملے میں ملوث افسر کو بھی تنزلی کی سزا سنائی گئی۔

اسی ایئرپورٹ پر غلط ڈیکلریشن کے باوجود ایک کھیپ کلیئر کرنے پر متعلقہ افسر کی سرزنش کی گئی۔ مزید برآں 10 موبائل فونز اور چار لیپ ٹاپس کی اسمگلنگ کے کیس میں 2 کروڑ 48 لاکھ روپے کی کم ریکوری پر بھی افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پشاور میں 97 لاکھ روپے کی ڈیوٹی چوری کے کیس میں غلط کلیئرنس دینے پر متعلقہ افسران کو سزائیں دی گئیں، جبکہ باچا خان ایئرپورٹ پر اسمگلنگ میں سہولت کاری کے الزام میں دو سپاہیوں کو تنزلی اور انکریمنٹ روکنے کی سزائیں سنائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ایئرپورٹس پر کسٹمز کے نظام کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد مسافروں کو غیر قانونی وصولیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور اسمگلنگ کے واقعات سے محفوظ بنانا ہے۔ ایئرپورٹس پر تعینات افسران و اہلکاروں کی کارکردگی اور مشتبہ سرگرمیوں کی نگرانی بھی مزید مؤثر بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں: لاہور میں بغیر پٹری کے چلنے والی الیکٹرک ٹرام کا آغاز ،تاریخ کا اعلان ہوگیا

متعلقہ خبریں