اہم خبریں

پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ٹیسٹ، مہمان ٹیم مشکلات کا شکار

پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ٹیسٹ، مہمان ٹیم مشکلات کا شکار

کراچی ( اے بی این نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں۔

کھیل کے اختتام پر دھننجایا ڈی سلوا 24 اور پاسندو سوریا 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کی جانب سے کمیندو مینڈس 16، لاہیرو اڈارا 7 اور دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال، ثاقب خان اور رضا اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 325 رنز پر مکمل کی اور سری لنکا کے خلاف 227 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔

پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے کیا، تاہم اذان اویس 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سعود شکیل نے 24، ثاقب خان نے 37 جبکہ سلمان علی آغا نے 21 رنز بنائے۔

غازی غوری نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ رضا اللہ نے 42 رنز اسکور کیے۔ محمد عباس 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 5 جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان کا دفاعی میدان میں بڑا قدم، فتح 3 میزائل کا کامیاب تجربہ

متعلقہ خبریں