اسلام آباد ( اے بی این نیوز) امریکی محکمہ محنت نے آجر کی معاونت سے گرین کارڈ حاصل کرنے کے ضوابط مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ مجوزہ اصلاحات کے تحت ہنر مند اور زیادہ تنخواہ والی ملازمتوں میں امریکی شہریوں کو غیر ملکی کارکنوں پر ترجیح دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ محنت کے مطابق نئے ضوابط کا مقصد امریکی شہریوں کے حقوق اور ملازمت کے مواقع کا بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ تقریباً 20 برس میں مستقل لیبر سرٹیفکیشن پروگرام میں ضابطہ جاتی اصلاحات کا پہلا جامع پیکیج ہے۔
مجوزہ قواعد کے تحت آجروں کو اخبارات میں ملازمتوں کے اشتہارات دینے کے بجائے آن لائن بھرتی کا طریقہ اختیار کرنا ہوگا، جبکہ ملازمت کے مواقع کے اشتہارات کم از کم 90 دن تک جاری رکھنا بھی لازمی ہوگا۔
نئے ضوابط میں آجروں کے لیے یہ ثابت کرنا بھی ضروری ہوگا کہ انہوں نے اہل امریکی کارکنوں کی بھرتی کے لیے سنجیدہ اور نیک نیتی پر مبنی کوششیں کی ہیں۔
امریکی محکمہ محنت کے مطابق آجروں کو ملازمت کی شرائط اس انداز میں مرتب کرنے سے بھی روکا جائے گا جس کا مقصد کسی مخصوص غیر ملکی کارکن کو بھرتی کے لیے موزوں بنانا ہو۔
مجوزہ قانون کے تحت ایک انتظامی استثنیٰ ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس استثنیٰ کے باعث بعض آجر فزیکل تھراپسٹس، نرسوں اور سائنس یا فنون کے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے کارکنوں کے لیے امریکی لیبر مارکیٹ کی جانچ کے عمل سے مستثنیٰ ہوسکتے تھے۔
محکمہ محنت کا کہنا ہے کہ وہ آجر جنہوں نے گزشتہ دو برس کے دوران امریکی کارکنوں کو ملازمت سے فارغ کیا ہے، انہیں انہی یا اسی نوعیت کے عہدوں کے لیے لیبر سرٹیفکیشن حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مجوزہ ضوابط پر عوامی آراء اور تجاویز وفاقی رجسٹر میں اشاعت کے 60 روز کے اندر جمع کرائی جاسکیں گی۔
مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی اہم ملاقات، دفاعی تعاون پر بڑا فیصلہ















