اسلام آباد(اے بی این نیوز)سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں قائم چار تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جہاں تین تعلیمی اداروں کے کلاس رومز کی عمارتیں خطرناک ہونے کا انکشاف ہوا۔ سیکرٹری تعلیم نے خطرناک قرار دیے گئے کلاس رومز اور عمارتوں میں طلباء کے داخلے پر سخت پابندی عائد کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) انتظامیہ کو فوری متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران کمپیوٹر، میٹرک ٹیک اور سائنس لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا گیا،اس موقع پر جدید تعلیمی سہولیات اور انٹرایکٹو بورڈز کے بھرپور استعمال پر زور دیا گیا۔ سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم نے ایف ڈی ای کو ہدایت کی کہ نشاندہی کیے گئے اسکولوں میں فوری طور پر متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور حکومت کے عزم کے مطابق مرمت طلب اسکولوں کی نشاندہی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، طلباء کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور کسی بھی خطرناک عمارت کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید لیبارٹریز اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے سرکاری اسکولوں میں معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کا سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ















