اسلام آباد ( اے بی این نیوز)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے اہم مقابلے میں زمبابوے کو 51 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ اور پھر عمدہ بولنگ کے ذریعے حریف ٹیم کو شکست سے دوچار کیا، جبکہ کپتان منیبہ علی نے ایک اہم انفرادی اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔
میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ کپتان منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔
عائشہ ظفر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 27 گیندوں پر 42 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
منیبہ علی کا تاریخی اعزاز
زمبابوے کے خلاف میچ میں منیبہ علی نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر کے طور پر سب سے زیادہ ڈسمسلز کرنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔ وہ مجموعی طور پر 51 ڈسمسلز کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئیں اور سابق وکٹ کیپر بتول فاطمہ کا 50 ڈسمسلز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان کے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے 51 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مومنہ ریاست نے 20 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ام ہانی اور طوبیٰ حسن نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان ویمنز ٹیم نے ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں اپنی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ منیبہ علی کا ریکارڈ بھی میچ کی نمایاں کامیابیوں میں شامل رہا۔
مزید پڑھیں:ڈالر مزید سستا، یورو اور برطانوی پاؤنڈ میں کمی، درہم اور ریال مہنگے، نئے کرنسی ریٹس جانیے















