اسلام آباد( اے بی این نیوز) سینیٹر خرم ذیشان نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کریں گے، جبکہ گولڈ مائننگ سے متعلق الزامات لگانے والوں کے خلاف ہتک عزت کی قانونی کارروائی بھی شروع کی جائے گی۔
خرم ذیشان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ انہوں نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپنا استعفیٰ کل پارٹی چیئرمین، جنرل سیکریٹری، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کو ارسال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت جب بھی ہدایت دے گی، وہ خود سینیٹ میں حاضر ہوکر چیئرمین سینیٹ کے سامنے استعفے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کریں گے۔
خرم ذیشان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی قیادت یہ فیصلہ کرتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی خاطر انہیں اپنا ووٹ استعمال کرنا ہے اور ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا جاتا تو بھی ان کا ووٹ بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے اور وہ اس میں خیانت نہیں کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی انتخاب میں پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند نہیں، خواہ سینیٹ کا انتخاب ہو یا کوئی اور الیکشن۔ وہ صرف ایک عام پارٹی کارکن اور پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
گولڈ مائننگ کے الزامات پر خرم ذیشان نے کہا کہ وہ الزام لگانے والوں کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی شروع کرنے کے لیے اپنے وکلا سے مشاورت کریں گے۔ ان کے مطابق قانونی نوٹس آئندہ چند روز میں الزام لگانے والوں کو بھجوایا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے معاملے پر 12 سیاسی شخصیات کے نام لیے تھے، جن میں سینیٹر خرم ذیشان بھی شامل ہیں۔ گورنر نے واضح کیا تھا کہ ان افراد میں سے کسی کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔
مزید پڑھیں:محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی، سردی کی شدت میں اضافے کا امکان















