اہم خبریں

سرکاری ادائیگیوں کا نیا نظام نافذ، چیک کی جگہ راست ڈیجیٹل ادائیگی شروع ہوگی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے سرکاری ادائیگیوں کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے 16 نومبر 2026 سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے چیک کی ادائیگیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ادائیگیاں مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام ’’راست‘‘ کے ذریعے کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت کے فروغ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک، صوبائی چیف سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں سرکاری ادائیگیوں کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ 15 نومبر 2026 سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے چیک کی ادائیگیاں بند کر دی جائیں گی، جبکہ 16 نومبر سے ان ادائیگیوں کی منتقلی مکمل طور پر راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شروع ہو جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس نئے نظام پر عمل درآمد کے لیے تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (DDOs) کو تربیت فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ ان علاقوں کے لیے متبادل ڈیجیٹل نظام تیار کیا جا رہا ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں۔

وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دوران صارفین کو پیش آنے والے مسائل فوری حل کرنے، بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ کے استعمال کی حوصلہ افزائی اور راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے فروغ کی ہدایت بھی کی۔

حکام کے مطابق وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بیشتر سرکاری اداروں کی تمام ادائیگیاں دسمبر 2026 تک مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دی جائیں گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی 100 فیصد ادائیگیاں پہلے ہی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد نقد رقم اور روایتی چیک کے استعمال میں کمی، ادائیگیوں کے نظام میں شفافیت اور مالیاتی لین دین کو جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا ہے۔
مزیدپڑھیں: لاہور آج بھی دنیا کے بڑے آلودہ شہروں میں سرفہرست

متعلقہ خبریں