اہم خبریں

ایل پی جی کی نیلامی کا نیا نظام متعارف،میڈیا کی موجودگی میں فروخت ہوگی

اسلام آباد(اے بی این نیوز) حکومت نے ایل پی جی کی شفاف نیلامی اور منصفانہ تقسیم کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے، اس سلسلے میں قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نیلامی کا نیا نظام ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ بقیہ 90 فیصد ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

کمیٹی کے مطابق نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی نگرانی کی جائے گی اور اس حوالے سے اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے، واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔
مزیدپڑھیں: ایل پی جی نرخ تاریخی بلندیوں پر،بجلی بھی مہنگی ،نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں