ایبٹ آباد(اے بی این نیوز)پشاور ریجن کے کپتان محمد رضوان کی ناقابلِ شکست ڈبل سینچری کی بدولت پشاور نے قائداعظم ٹرافی 2026-27 کے ابتدائی راؤنڈ کے میچ میں فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز 503 رنز پر 4 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی، جواب میں فیصل آباد نے دوسرے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں پر 118 رنز بنالیے۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز پشاور نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 3 وکٹوں پر 306 رنز سے دوبارہ شروع کی اور 115.2 اوورز میں 4 وکٹوں پر 503 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔
کپتان محمد رضوان نے 252 گیندوں پر 200 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 35 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ نجیب خان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 226 گیندوں پر 133 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 20 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
نوجوان بلے باز محمد حارث نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 69 گیندوں پر 70 رنز اسکور کیے، جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پشاور نے پہلے روز بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا اور اوپنر اصرار اللہ صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 11 رنز تھا۔
اس کے بعد نبی گل اور معاذ صداقت نے دوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔ معاذ صداقت 29 رنز بناکر مدثر ذنیر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ نبی گل نے نجیب خان کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے، تاہم وہ 93 گیندوں پر 48 رنز بناکر اسد رضا کا شکار بن گئے۔
127 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کریز پر آئے اور نجیب خان کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 179 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سینچریاں مکمل کیں۔ فیصل آباد کی جانب سے اسد رضا اور مدثر ذنیر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں۔آج بروز جمعرات سونے کی تازہ ترین قیمتوں بارے بڑی خبر آگئی















