اہم خبریں

پاک ایران بارڈر بند کردیا گیا، وزارت تجارت کا بڑا حکم نامہ جاری

پاک ایران بارڈر بند کردیا گیا، وزارت تجارت کا بڑا حکم نامہ جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان نے ایران کے ساتھ تفتان، مند، گبد اور چاغی سمیت چاروں سرحدی گزرگاہوں کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ وزارت تجارت نے پاک ایران سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا۔

حکام کے مطابق سرحدی گزرگاہوں کی عارضی انتظامی بندش کا مقصد سرحدی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، اسمگلنگ اور دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنا اور دونوں ممالک کے درمیان مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے مشترکہ ضابطۂ کار وضع کرنا ہے۔

ان اقدامات کے تحت تجارتی سامان اور مال بردار گاڑیوں کی جدید آلات کے ذریعے اسکیننگ، دستاویزات کی جانچ پڑتال اور غیر قانونی اشیا کی نقل و حمل روکنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دستیاب معلومات کے مطابق حالیہ دہشت گردی کے بعض واقعات میں فتنۃ الہندوستان (بی ایل اے) کی جانب سے استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کو تجارتی سامان کی آڑ میں منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بعض واقعات میں دھماکہ خیز مواد کی مقدار 1,500 سے 2,000 کلوگرام تک بتائی گئی ہے۔

خطے میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں بھی سرحدی سیکیورٹی کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون سرحد پار دہشت گردی، بیرونی مداخلت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد جائز تجارت اور عوامی مفادات کو متاثر کرنا نہیں، بلکہ قانونی آمدورفت کو سہولت فراہم کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔
مزید پڑھیں‌:رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج، عدالت سے بڑا حکم جاری

متعلقہ خبریں