اہم خبریں

معاذ صداقت کی دھواں دار اننگز، پاکستان نے سری لنکا کو بڑا ہدف دے دیا

معاذ صداقت کی دھواں دار اننگز، پاکستان نے سری لنکا کو بڑا ہدف دے دیا

راولپنڈی (اے بی این نیوز) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے 73 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان نے 22 جبکہ حسن نواز نے 19 رنز اسکور کیے۔

پاکستان نے پاور پلے کے ابتدائی 6 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 46 رنز بنائے۔ آخری 5 اوورز میں قومی بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 215 رنز تک پہنچا دیا۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


میچ کے لیے سری لنکا نے اپنی ٹیم میں تین جبکہ پاکستان نے ایک تبدیلی کی۔ قومی ٹیم میں رضا اللہ کی جگہ سلمان مرزا کو شامل کیا گیا۔ پاکستان کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں جبکہ خواجہ نافع وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ قومی ٹیم دوسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی، جبکہ سری لنکن ٹیم کامیابی حاصل کرکے سیریز میں واپسی کے لیے پُرامید ہے۔
مزید پڑھیں‌:کرسٹیانو رونالڈو عارضی طور پر معطل، پرتگال کے کپتان سے متعلق بڑی خبر

متعلقہ خبریں