اہم خبریں

خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں نیا انتظامی نظام نافذ، وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں نیا انتظامی نظام نافذ، وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ حکمنامے کے مطابق ان اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرز حکمرانی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے سیکریٹریٹ فوری طور پر قائم کیے جائیں گے۔

حکمنامے کے مطابق ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ، ایریا ریپریزنٹیٹو ڈیولپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا۔ نامزد اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔

حکمنامے کے تحت ایریا ریپریزنٹیٹو ڈیولپمنٹ کونسل نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی، جس کی سربراہی چیئرمین کریں گے۔ چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان اور ارکان کی تقرری مقررہ طریقہ کار اور مدت کے مطابق کی جائے گی۔

ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی سربراہی خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے، جو نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔ ان اضلاع میں تعینات افسران اور دیگر اداروں کے اہلکار سیکریٹریٹ کے انتظامی اور عملیاتی کنٹرول میں ہوں گے۔

حکمنامے کے مطابق وزیراعظم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر نامزد اضلاع میں مزید تعیناتیوں اور تبادلوں کے احکامات جاری کر سکیں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کو صوبائی حکومت کے انتظامی اور قانون نافذ کرنے سے متعلق اختیارات استعمال کرنے کے ساتھ گورننس، سیکیورٹی اور ترقی کے لیے تنظیمی ڈھانچے قائم کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

ایڈمنسٹریٹر ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کی نگرانی کر سکیں گے، جبکہ سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ہدایات جاری کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔ اس کے علاوہ سیکریٹریٹ کے انتظامی، تنظیمی اور عملیاتی امور سے متعلق احکامات اور فنڈز کی تقسیم و منتقلی کے فیصلے بھی کر سکیں گے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اور وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے نامزد اضلاع میں سیکیورٹی بہتر بنائی جائے گی۔ عوامی تحفظ، معاشی استحکام، امدادی سرگرمیوں اور بنیادی خدمات سے متعلق محکموں کی تنظیم نو اور ضروری اقدامات بھی کیے جا سکیں گے۔

وفاقی حکومت کے حکم نامے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کے احکامات، نوٹیفکیشنز، ہدایات اور اقدامات کو صوبائی حکومت کے احکامات جیسی قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی، ٹاس کا فیصلہ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں