پشاور (اے بی این نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور مختلف شعبوں میں شفافیت لانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایڈوائزری کونسل کے ارکان کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے تمام ارکان اپنے متعلقہ اداروں میں محنت، لگن اور دل جمعی سے کام کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ خیبر پختونخوا کو امن کا گہوارہ بنایا جائے۔ ریاست کا عزم ہے کہ صوبے میں امن کا قیام یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔ تعلیم، صحت، انصاف اور دیگر شعبوں میں شفافیت لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور صوبے میں امن و امان کا قیام پہلی ترجیح رہے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں نیا انتظامی نظام نافذ، وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ















