اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی لوڈ مینجمنٹ کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے اور تمام ضروری پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے گیس کی طلب و رسد کی صورتحال اور لوڈ مینجمنٹ کے لیے کیے جانے والے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح حاصل ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کے بجائے متبادل ذرائع توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے عوامی آگہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پانی گرم کرنے اور گھروں کی حرارت کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:صدر مملکت نے انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا















