اہم خبریں

صدر مملکت نے انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا

صدر مملکت نے انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں شامل نشان امتیاز سے نواز دیا۔

انتونیو گوتریس کے اعزاز میں ایوان صدر میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو نشان امتیاز عطا کیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفرا نے شرکت کی۔

انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز پاکستان کے لیے ان کی دوستی، سفارتی خدمات اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے لیے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ یہ اعزاز تنازعات کے پرامن حل اور عالمی سطح پر سفارت کاری کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اعلیٰ سول اعزاز سے نوازنے پر حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور فراخ دلی کے عینی شاہد ہیں اور یہ اعزاز اقوام متحدہ میں کام کرنے والے تمام افراد کی جانب سے قبول کرتے ہیں۔

انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستانی عوام کے عزم، اتحاد اور استقامت کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی دستے عظیم پاکستانی قوم کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنی تقریر میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ پاکستانی ایسی قوم ہے جو مضبوط عزم کے ساتھ ہمدردی کے جذبات بھی رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تباہ کن سیلاب اور موسمیاتی بحران کے باعث پاکستانی عوام کو درپیش مشکلات کو انہوں نے قریب سے محسوس کیا ہے۔
مزید پڑھٰیں‌:اسلام آباد پولیس کے افسران کے تبادلے ،اضافی چارجز کا نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں