اہم خبریں

محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی، کہاں کہاں بارش ہوگی؟

محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی، کہاں کہاں بارش ہوگی؟

اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

بدھ کے روز بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج رات اور 7 اکتوبر کے دوران آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ کمزور انفرا اسٹرکچر، کچے گھروں، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔

اسلام آباد اور خیبرپختونخوا
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، صوابی اور نوشہرہ میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

پنجاب میں بھی بارش کا امکان
پنجاب کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، شیخوپورہ، لاہور، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، میانوالی، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

ان علاقوں میں چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہا۔ تاہم خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں پشاور سٹی میں 38 ملی میٹر، چراٹ میں 17، مالم جبہ اور تخت بھائی میں 10، دیر لوئر میں 5، دیر اپر میں 4 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ پنجاب میں اٹک میں 31 اور مری میں 6 ملی میٹر جبکہ گلگت بلتستان میں بنجی میں 2 اور گلگت میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں 40 جبکہ دادو، روہڑی اور دالبندین میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
مزید پڑھیں‌:سونے کے خریداروں کے لیے اہم خبر، فی تولہ قیمت سامنے آگئی

متعلقہ خبریں