کراچی: ریکٹ پاکستان نے آغا خان فاؤنڈیشن کے اشتراک سے صاف صحت مند پاکستان کے نام سے ایک نئے سماجی اثر کے پلیٹ فارم کا آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد اسکولوں میں بچوں کے لیے محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں اسکولوں کو مرکز بنایا گیا ہے، جہاں پینے کے محفوظ پانی کی سہولت، بیت الخلا کی بحالی، ہاتھ دھونے کے اسٹیشنز اور حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کو مستقبل میں ملک کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ریکٹ پاکستان اور آغا خان فاؤنڈیشن کے درمیان اس سلسلے میں باقاعدہ معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ ریکٹ پاکستان اپنی صحت اور حفظانِ صحت کے شعبے میں مہارت فراہم کرے گا، جبکہ آغا خان فاؤنڈیشن پانی، صفائی اور حفظانِ صحت یعنی WASH کے شعبے میں اپنے تجربے اور کمیونٹی سطح پر رسائی کے ذریعے پروگرام میں تعاون کرے گی۔
پروگرام کی باضابطہ رونمائی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی ایلیسن بلیک برن نے کی۔ تقریب میں ریکٹ پاکستان کے جنرل منیجر آصف ایم ہاشمی، مارکیٹنگ ڈائریکٹر سارہ احمد، آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کی نیشنل کمیٹی کے چیئرمین امین فیراستہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اختر اقبال بھی موجود تھے۔
ریکٹ پاکستان کے مطابق ڈیٹول اور ہارپک کے تعاون سے شروع کیے گئے اس پلیٹ فارم کے ذریعے بچوں میں کم عمری سے صحت مند اور صاف ستھرے معمولات کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اسکولوں میں حفظانِ صحت کی تعلیم کے ذریعے ہر سال 20 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی حاصل کرتی ہے۔
نئے پروگرام میں صرف آگاہی تک محدود رہنے کے بجائے حفظانِ صحت کی تعلیم کو عملی سہولیات کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ اس میں محفوظ پانی، بہتر بیت الخلا اور ہاتھ دھونے کے انتظامات شامل ہیں، تاکہ بچوں کو صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکے۔
ریکٹ پاکستان کے جنرل منیجر آصف ایم ہاشمی نے کہا کہ صاف صحت مند پاکستان کے ذریعے اسکولوں میں محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں اس پروگرام کے اثرات کلاس رومز سے گھروں اور کمیونٹیز تک لے جانے کی خواہش ہے۔
آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کی نیشنل کمیٹی کے چیئرمین امین فیراستہ کے مطابق ہر بچے کو محفوظ، صحت مند اور باوقار تعلیمی ماحول ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شراکت داری کے تحت دیہی سندھ کے اسکولوں میں ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی ایلیسن بلیک برن نے بھی محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
اسکولوں سے شروع ہونے والا صاف صحت مند پاکستان پلیٹ فارم مستقبل میں مزید شراکت داروں کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں تک پہنچانے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس کا مقصد صحت مند اسکولوں اور مضبوط کمیونٹیز کے لیے طویل المدتی بنیاد فراہم کرنا ہے۔















