اہم خبریں

موسم کی پیشگوئی، ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور خشکی کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں بعض مقامات پر مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہنے کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں بھی موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

پیشگوئی کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی ابرآلود ہوسکتا ہے، جبکہ کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کے ساتھ بعض اوقات مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں نمایاں بارش کا امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی۔ دادو، نوکنڈی اور شہید بینظیر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مختلف شہروں کے درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35، کراچی اور پشاور میں 34 جبکہ کوئٹہ میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مری میں کم سے کم درجہ حرارت 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی کے مطابق آئندہ ایک روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کی مجموعی صورتحال گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں