لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے شہریوں کو ماحول دوست سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت اہل شہری ماحول دوست سرگرمیاں مکمل کرکے مالی انعامات حاصل کرسکتے ہیں۔ پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق پروگرام میں درخت لگانے، فضلے کے بہتر انتظام، توانائی کی بچت اور دیگر ماحول دوست اقدامات شامل ہیں۔
پروگرام کے تحت سائیکلنگ کو بھی ماحول دوست سرگرمی کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جس میں شہری 75 کلومیٹر سائیکلنگ مکمل کرکے گرین کریڈٹس حاصل کرسکتے ہیں۔
شرکاء کو سائیکلنگ کا ریکارڈ سی ایم پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام ٹریکر ایپ کے ذریعے محفوظ کرنا ہوگا۔ مطلوبہ فاصلہ مکمل کرنے کے بعد سائیکل کی تصویر اور سائیکلنگ کی سرگرمی کا ثبوت ایپ یا پروگرام کے مانیٹرنگ، رپورٹنگ اور ویری فکیشن MRV) نظام کے ذریعے جمع کرانا ہوگا۔
پروگرام کے تحت کامیاب اور تصدیق شدہ سرگرمیوں پر گرین کریڈٹس جاری کیے جاتے ہیں، جنہیں مالی انعامات میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق گرین کریڈٹ پروگرام ابتدائی طور پر لاہور میں شروع کیا گیا تھا اور بعد ازاں اسے پنجاب بھر تک وسعت دینے کا منصوبہ بنایا گیا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے، سائیکلنگ کے فروغ، صاف ہوا اور ماحولیاتی تحفظ میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
پروگرام میں رجسٹریشن اور مزید معلومات کے لیے شہری پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام کے سرکاری آن لائن پلیٹ فارم سے رجوع کرسکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں: وزیراعظم کا رعائتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی اسکیم سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ















