اسلام آباد (اے بی این نیوز) آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر اور معروف آل راؤنڈر کیمرون گرین اپنی دیرینہ ساتھی ایملی ریڈوڈ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
27 سالہ کیمرون گرین اور ایملی ریڈوڈ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
شادی کی تقریب کوٹسلو کے سوک سینٹر گراؤنڈز میں منعقد ہوئی، جہاں کیمرون گرین روایتی سیاہ ٹکسڈو جبکہ ایملی ریڈوڈ سفید عروسی لباس میں نظر آئیں۔
تقریب کے اختتام پر دوستوں اور اہلِ خانہ نے نوبیاہتا جوڑے کو پھولوں کی بارش کے ساتھ رخصت کیا، جبکہ بعد ازاں دونوں نے ایک ساتھ رقص بھی کیا۔
کیمرون گرین اور ایملی ریڈوڈ نے فروری 2025 میں منگنی کا اعلان کیا تھا۔ گرین نے یالنگپ میں ایملی کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ دونوں منگنی سے قبل تقریباً پانچ برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے۔
ایملی ریڈوڈ ماہرِ غذائیت اور پی ایچ ڈی کی طالبہ ہیں، جبکہ کیمرون گرین آسٹریلیا کے نمایاں آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔
کیمرون گرین آسٹریلیا کی جانب سے اب تک 39 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں اور رواں ماہ کے اختتام پر جنوبی افریقا کے دورے کے لیے آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: زونگ اسلام آباد ہیڈ آفس سے 150 ملازمین مبینہ طور پر فارغ، ملازمین کا احتجاج















