لاہور (ویب ڈیسک) حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا دور ایک روز کے لیے مؤخر کردیا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے مذاکرات کے لیے مزید ایک دن کی مہلت طلب کی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا کہ وزیراعظم پیٹرولیم لیوی سے متعلق مذاکرات منگل کو کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد مذاکرات کا تیسرا دور اب منگل کو ہوگا۔
جماعت اسلامی کے رہنما کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے لیے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں۔ پیٹرولیم لیوی سے متعلق مذاکرات منگل جبکہ آزاد بجلی گھروں کے معاملے پر بات چیت بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پی پی 169 کی سیاسی کونسل کا اجلاس بھی منعقد کیا۔ اجلاس میں لیاقت بلوچ نے مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور اسلام آباد مارچ کے انچارج کی حیثیت سے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد مارچ کی تیاریوں، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی، جبکہ جماعت اسلامی کے مختلف رہنما اور عہدیدار بھی شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں:انگلینڈ سے وائٹ واش کے بعد پاکستان کو بڑا نقصان، ٹیسٹ رینکنگ گرگئی















