اہم خبریں

ٹریکٹر ٹرالیوں سے حادثات کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ٹریکٹر ٹرالیوں کے باعث بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر روڈ سیفٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ شہر میں ٹریکٹر ٹرالیوں کی تعداد ایک فیصد سے بھی کم ہے، تاہم یہ تقریباً 9 فیصد جان لیوا ٹریفک حادثات میں ملوث پائی گئی ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریکٹر ٹرالیوں کی نقل و حرکت کے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق ٹریکٹر ٹرالیوں کو صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک لاہور شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نئے حفاظتی اقدامات کے تحت ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال سے مکمل طور پر ڈھانپنا، بیک لائٹس اور ریفلیکٹو ٹیپ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں نمایاں شناخت کیلئے مناسب لائٹنگ کا انتظام بھی ضروری ہوگا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی چلانے والے ڈرائیورز کے پاس متعلقہ کیٹیگری کا درست ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہوگا۔ سرکل افسران کو اوورلوڈنگ، تیز رفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

ٹریکٹر ٹرالیوں کے باعث حادثات کے خطرات کم کرنے کیلئے مختلف شاہراہوں پر خصوصی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹریکٹر ٹرالیوں کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ اور رپورٹنگ بھی کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام کیلئے ٹریکٹر ٹرالیوں کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے، جس کیلئے حفاظتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟

متعلقہ خبریں