اہم خبریں

سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فریال تالپور کا بڑا اعلان

سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فریال تالپور کا بڑا اعلان

کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی سربراہ اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے، چاہے جان تک چلی جائے، سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سندھ اسمبلی میں انتظامی یونٹس اور سندھ کی تقسیم کے خلاف تحریکِ التوا پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فریال تالپور نے جذباتی تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، استعفیٰ دینا پڑے، رکنیت جائے یا جان دینی پڑے، دیں گے لیکن سندھ کی تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

فریال تالپور نے کہا کہ سندھ ہماری، عوام، سندھیوں اور یہاں بسنے والے تمام لوگوں کی دھرتی ہے۔ سب کا فیصلہ ہے کہ اس معاملے پر نہ کوئی سمجھوتہ ہوگا اور نہ ہی کوئی بات ہوگی۔ پاکستان کھپے کے بعد ہمارا نعرہ سندھ کھپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بیرونِ ملک نہیں بھاگیں گے، ہمارے بڑوں کی قبریں یہیں ہیں اور ہمیں بھی مرنے کے بعد یہیں دفن ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قیامت کے دن بی بی نے گریبان سے پکڑ کر سوال کیا کہ میں اور میرے والد سندھ کیلئے جانیں دے کر آگئے اور تم نے سندھ کو بیچ دیا، تو ہمارے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا۔

فریال تالپور نے اپنے خاندان کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تالپوروں نے جنگیں اور لڑائیاں لڑیں۔ میرپور کے میر شیر محمد تالپور تھے، جنہیں سندھ کا شیر کہا گیا، اور وہ ان کے شوہر کے دادا تھے، جو سندھ کیلئے لڑتے رہے اور کبھی گردن نہیں جھکائی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی اپنی آنے والی نسلوں کیلئے سندھ کی وحدانیت کا دفاع کریں گے۔

فریال تالپور نے سندھ کے بلدیاتی نظام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بہت اچھا اور مضبوط بلدیاتی نظام موجود ہے، تاہم اس میں مزید بہتری کیلئے بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تو بلدیاتی نظام ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خود پرویز مشرف کے دور میں ناظم بنی تھیں، جبکہ بلدیاتی نظام کے تحت بے نظیرآباد اور لاڑکانہ میں ہونے والا کام آج بھی نظر آتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:پولی کلینک کے باہر سے اغوا ہونے والی بچی بازیاب، ورثا کے حوالے کردی گئی

متعلقہ خبریں