اہم خبریں

پولی کلینک کے باہر سے اغوا ہونے والی بچی بازیاب، ورثا کے حوالے کردی گئی

پولی کلینک کے باہر سے اغوا ہونے والی بچی بازیاب، ورثا کے حوالے کردی گئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) تھانہ آبپارہ کی حدود میں پولی کلینک کے باہر سے اغوا ہونے والی 8 ماہ کی بچی حرین کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی گھنٹے کے اندر بازیاب کرا لیا، جبکہ اغوا میں ملوث ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک خاتون اپنی تین بچیوں کے ہمراہ پولی کلینک ہسپتال کے باہر پارکنگ شیڈ کے نیچے سو رہی تھی۔ صبح آنکھ کھلنے پر اسے اپنی سب سے چھوٹی 8 ماہ کی بچی حرین غائب ملی۔

بچی کی والدہ نے قریب ہی سوئی ہوئی ایک خاتون پر شک ظاہر کیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ خاتون کو حراست میں لے کر تھانہ آبپارہ منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش زیرِ حراست خاتون نے بچی کے اغوا کا اعتراف کیا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ خاتون نے اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ مل کر 8 ماہ کی بچی کو اغوا کیا تھا۔

تھانہ آبپارہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا اور اسے اس کی والدہ کے حوالے کردیا، جبکہ اغوا میں ملوث ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ سستے، یورو اور سعودی ریال مہنگے، آج کے تازہ کرنسی ریٹس

متعلقہ خبریں