لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے ٹھیکے پر دیے گئے سرکاری سکولوں کو دوبارہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی تحویل میں لینے پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے آؤٹ سورس کیے گئے سکولوں کی واپسی کے معاملے پر اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ فیز ون، فیز ٹو اور فیز تھری کے تحت آؤٹ سورس کیے گئے سکولوں کی واپسی سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس 25 اگست کو سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کی زیر صدارت ہوا، جس میں پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) شرکت کریں گے۔
اجلاس میں آؤٹ سورس سکولوں کی محکمہ سکول ایجوکیشن کو واپسی، عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات اور مقامی آبادی کی جانب سے مزاحمت سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایسے سکول بھی زیر غور آئیں گے جہاں طلبہ کی تعداد کم ہے، عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں یا جو رسائی سے محروم اور حساس علاقوں میں واقع ہیں۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام سی ای اوز کو متعلقہ سکولوں کا مکمل ریکارڈ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
سی ای اوز کو سکولوں کی واپسی کی وجوہات، متعلقہ تفصیلات اور اس حوالے سے ٹھوس دلائل بھی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں آؤٹ سورس کیے گئے سرکاری سکولوں کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:مراد سعید کی سینیٹ نشست کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے بڑا فیصلہ کرلیا















