اسلام آباد (اے بی این نیوز) الیکشن کمیشن نے مراد سعید کی نااہلی کے نتیجے میں سینیٹ کی نشست خالی قرار دے کر جاری کیا گیا اعلامیہ واپس لے لیا، جبکہ اس حوالے سے تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مراد سعید نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف ہی نہیں اٹھایا تھا اور آئینی طور پر عہدہ سنبھالا ہی نہیں تھا، اس لیے ان کی نااہلی کے نتیجے میں قانون کے مطابق سینیٹ کی کوئی نشست خالی نہیں ہوئی۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ چونکہ مراد سعید نے سینیٹر کی حیثیت سے حلف نہیں اٹھایا، لہٰذا ان کی نااہلی کے باعث سینیٹ کی نشست خالی قرار دینے کا جواز نہیں بنتا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کی درخواست بھی منظور کرلی۔
درخواست گزار جلال خان کی جانب سے بیرسٹر محمد یاسین رضا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد مراد سعید کی نااہلی کے نتیجے میں سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب سے متعلق جاری کردہ اعلامیے کی حیثیت بھی ختم ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، ہسپتال منتقل















