اسلام آباد (اے بی این نیوز) سعودی عرب کی نئی ایئر لائن ریاض ایئر نے پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کا اعلان کر دیا، پروازیں 18 اگست سے شروع ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی نئی اور جدید ترین قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی روابط کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے رواں سال اگست سے باقاعدہ پروازیں شروع ہو رہی ہیں، پہلا مرحلہ 14 اگست (پاکستان کے یوم آزادی) سے شروع ہوگا، جہاں ریاض اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر نان اسٹاپ (براہ راست) پروازیں چلائی جائیں گی۔
لاہور کے لیے پروازیں 18 اگست سے شروع ہوں گی، ابتدائی طور پر اس روٹ پر ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی، مسافروں کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ریاض ایئر کا یہ نیا روٹ تاجروں، سیاحوں، عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو بہترین، آسان اور جدید ترین متبادل سفری آپشن فراہم کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ریاض ایئر آپریشنز کے آغاز سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے بلکہ اس سے سعودی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سیاحت کو بھی بہت فروغ ملے گا۔
مزید پڑھیں:ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں پاکستان کو بڑا ہدف دے دیا















