اسلام آباد(رضوان عباسی)سعودی عرب نے پاکستان میں اپنے نئے سفیر کی تعیناتی کر دی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راجح البقمی کو پاکستان میں مملکت سعودی عرب کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جو سابق سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ذرائع کے مطابق رواں ہفتے ڈاکٹر راجح البقمی نے دیگر 8 نو تعینات سعودی سفراء کے ہمراہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے روبرو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر راجح البقمی سعودی مسلح افواج میں طویل عرصہ خدمات انجام دے چکے ہیں اور دفاعی و سیکیورٹی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں سعودی عرب کے ان سینئر سفارت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہیں دفاعی تعاون اور سیکیورٹی معاملات پر خصوصی مہارت حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راجح البقمی کی پاکستان میں تعیناتی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ دفاعی شعبے میں ڈاکٹر راجح البقمی کا وسیع تجربہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود مضبوط دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف آئی سی سی کا بڑا فیصلہ















