اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون کے نئے اور طاقتور سپیل سے خبردار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 29 جولائی سے 5 اگست تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سلسلہ ملک کے چاروں صوبوں کو متاثر کرے گا جب کہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے بارشی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات اور شانگلہ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں 29 جولائی سے 4 اگست تک موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ آزاد کشمیر میں 28 جولائی کی رات سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں 28 جولائی کی شام سے 6 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ 29 جولائی سے 5 اگست تک خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
وسطی اور شمالی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ جنوبی پنجاب میں 31 جولائی سے 3 اگست تک اور اسی دوران بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ شہری سیلاب، پہاڑی علاقوں میں ندیوں اور ندی نالوں میں بہہ جانے اور شدید موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید پڑھیں:نورین نیازی کے خلاف گھیرا تنگ،مقدمہ درج















