اہم خبریں

پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار اور ایل این جی خریداری پر وزیراعظم کا آج اہم اجلاس طلب

اسلام آباد(رضوان عباسی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار اور ایل این جی کارگوز کی خریداری سے متعلق آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزراء، سیکریٹریز اور توانائی کے شعبے کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے کی موجودہ کشیدہ اور غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں توانائی سے متعلق حکومتی پالیسیوں اور حالیہ فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ یومیہ بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اجلاس کے دوران پیٹرولیم پرائس مکینزم سے متعلق اہم ہدایات جاری کر سکتے ہیں تاکہ ملکی ضروریات کے مطابق مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جا سکے۔

اجلاس میں ایل این جی کارگوز کی خریداری، دستیابی اور مستقبل کی ضروریات پر بھی تفصیلی غور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق خطے میں کشیدگی اور سپلائی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان کو اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کارگوز خریدنے پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قطر سے ایل این جی کی سپلائی میں تعطل کے باعث پاکستان کو مہنگی اسپاٹ ایل این جی کارگوز خریدنا پڑی ہیں۔ جولائی کے مہینے کے لیے پاکستان پہلے ہی پانچ ایل این جی کارگوز خرید چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے، درآمدی اخراجات میں کمی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: اوگرا مستقل سربراہ سے محروم، پیٹرولیم قیمتوں کے نئے نظام کے باوجود اہم عہدے خالی

متعلقہ خبریں