اہم خبریں

بڑی خبر، یوم الحاق پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپور کا اہم پیغام جاری

بڑی خبر، یوم الحاق پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپور کا اہم پیغام جاری

میرپور ( اے بی این نیوز) ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم کی زیرِ صدارت یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 19 جولائی 1947ء کو قراردادِ الحاقِ پاکستان متفقہ طور پر منظور کرنے والے اکابرینِ تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد اسلم نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر ہم اکابرینِ تحریکِ آزادی کی لازوال جدوجہد کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 19 جولائی 1947ء کو سری نگر میں مسلم کانفرنس کے نمائندہ اجلاس میں کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے زعمائے کشمیر نے قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کی، جو کشمیری عوام کی دیرینہ ترجیحات کی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بائے چوائس پاکستانی ہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور اس لازوال محبت کے رشتے کو ہمیشہ قائم و دائم رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام الحاقِ پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ہم اس تاریخ یادگار موقع پر صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے لیے غیرمتزلزل حمایت پر ان کے مشکور ہیں۔ حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر فوری اقدام کرتے ہوئے بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ الحاق پاکستان کی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر میاں حسام ساجد، افسرِ مال راجہ ایاز احمد، تحصیلدار میرپور عمران یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر لبریشن سیل سردار عظیم سرور، رہنما انجمن تاجران چوہدری محمود، غیر جریدہ ملازمین تنظیم کے رہنما سید قیصر شیراز کاظمی، رحیل بٹ، ابرار بٹ، رہنما جماعتِ اسلامی آصف محمود بٹ، سینئر صحافی قیصر افضل، مختلف محکموں کے ملازمین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر یک جان دو قالب ہیں۔ کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت کی نظیر کہیں نہیں ملتی ، تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ آج کے دن کشمیری عوام اس عزم کی تجدید کرتی ہے کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ نظریۂ الحاقِ پاکستان کو عملی جامہ پہنانے اور تکمیلِ پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کبھی بھی الحاقِ پاکستان کی منزل سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں گے۔تقریب کے اختتام پر تحریکِ آزادی کشمیر کی کامیابی، شہدائے تحریکِ آزادی کے درجات کی بلندی، مملکتِ خداداد پاکستان کی سلامتی اور مسلح افواجِ پاکستان کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔
مزید پڑھیں‌:برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم کا اہم اعلان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں