لندن (اے بی این نیوز) برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم اینڈی برنہم نے تمام بالغ شہریوں کے لیے مجوزہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ (ڈیجیٹل آئی ڈی) منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق اس منصوبے پر خرچ ہونے والے فنڈز اب عوامی فلاح، مہنگائی میں کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی سے نمٹنے کے اقدامات پر خرچ کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ سابق وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے دورِ حکومت میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم عوامی مخالفت اور لاکھوں شہریوں کی جانب سے دستخط شدہ درخواست سامنے آنے کے بعد اسے لازمی کے بجائے رضاکارانہ قرار دے دیا گیا تھا۔
اینڈی برنہم نے شمالی سمندر میں تیل اور گیس کی جاری ڈرلنگ منصوبوں کو بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے یہ منصوبے اہم ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت کنزرویٹو پارٹی کی رہنما کیمی بیڈنوک نے نئی حکومت کی پالیسیوں کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو مشکل اور دیرپا فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
مزید پڑھیں:لاہور میں معروف کارباری شخصیت کو ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا















