کیتھل (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع کیتھل میں ایک شادی کی تقریب اس وقت حیران کن صورتحال سے دوچار ہو گئی جب دولہا نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والی کال اور واٹس ایپ پر بھیجی گئی تصاویر دیکھنے کے بعد اچانک شادی کے مقام سے فرار ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کال کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ جس لڑکی سے دولہا شادی کرنے جا رہا ہے وہ اس کی سابقہ محبوبہ ہے۔ اس نے اپنے دعوے کے ساتھ واٹس ایپ پر کچھ تصاویر بھی بھیجیں۔
اطلاعات کے مطابق تصاویر دیکھنے کے بعد دولہا شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا اور بغیر کسی کو اطلاع دیے شادی کی تقریب چھوڑ کر بھاگ نکلا۔
واقعے کے بعد دلہن، دونوں خاندانوں کے افراد اور شادی میں شریک مہمان بھی دولہے کے پیچھے دوڑ پڑے، تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ دولہا کہاں گیا اور بعد ازاں شادی کا کیا بنا۔
اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جبکہ صارفین اس پر مختلف تبصرے اور دلچسپ ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم واقعے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
مزید پڑھیں: افغان شہری کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ دلوانے میں ملوث افراد بے نقاب















