کوئٹہ (اے بی این نیوز)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خاران اور مستونگ میں کارروائیاں کر کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، 25 اور 26 جون کو فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خاران میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل وحرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد بر وقت اور مؤثر کارروائی میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب 26 جون کو مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر قبل از وقت انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جس میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: بدین کی گدھا منڈی میں خاص نسل کے گدھوں کی قیمت 5 لاکھ روپے تک پہنچ گئی















