اسلام آباد(اے بی این نیوز)محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی۔ تاہم بعض شہروں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی اور بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ جبکہ بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لاہور، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، چکوال اور راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات اور صبح کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ آئندہ تین روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کی ساحلی پٹی میں بھی جزوی ابر آلود موسم، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت نے اگلے مالی سال کے وفاقی بجٹ سے متعلق فنانس بل 2026 کی توثیق کردی















