اہم خبریں

ملک کے مختلف شہروں میں آندھی ،گرج وبارش کا امکان

اسلام آباد(اے بی این نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شام کے اوقات میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں تیز بارش متوقع ہے، جبکہ ڈی آئی خان، چترال، سوات، دیر اور میران شاہ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح کوہستان، شانگلہ اور بونیر میں بھی تیز بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور پاڑاچنار میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ژوب، شیرانی، زیارت، کوہلو، نصیر آباد، کوئٹہ اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق ڈیرہ غازی خان، لیہ اور بھکر میں دوپہر کے وقت بارش کا امکان ہے، جبکہ آج سے 20 جون تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین اور جہلم میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

عرفان ورک نے بتایا کہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 20 جون تک موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

ڈی جی میٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے، جس سے شاہراہوں پر آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔

عرفان ورک نے سیاحوں اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ رحیم یار خان میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو گئے، جبکہ مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔

امدادی اداروں کے مطابق تیز ہواؤں اور بارش کے دوران مختلف علاقوں میں دیواریں، درخت، بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈز گر گئے، جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر نقصان پہنچا اور پانچ افراد زخمی ہوئے۔

شدید موسم کے باعث درختوں اور بجلی کے پولز کے گرنے سے شہر اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، جس سے صارفین کو کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

میپکو کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام مکمل کرکے کئی گھنٹوں بعد بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔

ادھر انتظامیہ اور امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں آج ایرانی ریال کی تازہ ترین شرح

متعلقہ خبریں