اہم خبریں

سرکاری اسکولوں کے حوالے سے حکومت کا اہم فیصلہ سامنے آگیا

سرکاری اسکولوں کے حوالے سے حکومت کا اہم فیصلہ سامنے آگیا

ملتان (اے بی این نیوز) پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے انقلابی پروگرام شروع کیا ہے۔

پنجاب کے شہر ملتان میں رانا سکندر حیات نے اپنے دورہ کے دوران گورنمنٹ عام خاص ہائی ا سکول میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تحت سرکاری اسکولوں میں نئے کلاس رومز اور آئی ٹی لیبارٹریز کی تعمیر کا عمل تیز کر دیا گیا۔

صوبائی سیکرٹری اسکول ایجوکیشن مدثر ریاض ملک نے دورے کے دوران نئے کلاس رومز کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے بھر میں اربوں کی لاگت سے 25 ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کیے جا رہے ہیں اور اسکولوں کی دیواروں، آئی ٹی لیبارٹریز اور کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر حکومت کی ترجیح ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلباء کو جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور پی ای ایف کے اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء کے لیے فی کس سبسڈی کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری سے سرکاری اسکولوں کا معیار مزید بہتر ہو گا، اسکولوں کی بہتری اور تعلیمی اصلاحات کا مقصد ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم دوست پالیسی کے تحت انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
مزید پڑھیں‌:حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ پر اہم پیش رفت

متعلقہ خبریں